پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایک خصوصی اعزاز سے نوازا گیا، جس کے بعد اس تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ تاہم اس اعزاز کے اعلان کے ساتھ ہی انٹرنیٹ پر اس حوالے سے نئی بحث بھی شروع ہو گئی۔
فضا علی کو یہ اعزاز خواتین کے احترام کے فروغ اور ذمہ دار میڈیا کے حوالے سے خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب کے دوران ان کے شوہر، برطانیہ میں مقیم کاروباری شخصیت اعجاز خان، اور ان کی بیٹی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگیں اور صارفین نے اس پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔
اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی ذاتی زندگی کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔ اعجاز خان سے شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز کی مختصر ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں بعض صارفین پسند کرتے ہیں، جبکہ کچھ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔
https://www.instagram.com/reels/DaOP2v5qwzo/
برطانوی پارلیمنٹ میں ملنے والے اعزاز کے بعد بھی سوشل میڈیا پر ردعمل منقسم دکھائی دیا۔ متعدد صارفین نے فضا علی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم بڑی تعداد میں ایسے افراد بھی سامنے آئے جنہوں نے اس اعزاز کی بنیاد اور وجوہات پر سوال اٹھائے۔
بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ شاید یہ اعزاز اعجاز خان کی وجہ سے ملا، جبکہ کچھ نے سوال کیا کہ فضا علی نے خواتین کے حقوق یا ذمہ دار میڈیا کے حوالے سے ایسی کون سی نمایاں خدمات انجام دی ہیں جن کی بنیاد پر انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔ کچھ افراد نے ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں اور ریلز کا حوالہ دیتے ہوئے بھی تنقیدی تبصرے کیے۔
https://www.instagram.com/reels/DaOamawKUFy/
یوں فضا علی کو ملنے والا یہ اعزاز سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ ایک جانب ان کے مداح اس کامیابی کو سراہ رہے ہیں، تو دوسری جانب ناقدین اس کے پس منظر پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ تاہمفضا علی کی جانب سے اس اعزاز یا اس پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔