بالی ووڈ اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کے غیر مناسب رویے پر کھل کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوٹوگرافروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فنکاروں کی نجی حدود کا احترام کریں اور نامناسب انداز میں تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔
ممبئی میں منعقدہ ایک ایوارڈ تقریب کے دوران نیہا دھوپیا خود پاپارازی کے پاس گئیں اور سخت لہجے میں کہا کہ آخر بدتمیزی کے ساتھ کسی کا بیک شاٹ کیوں لیا جاتا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی حرکتیں نہ صرف ان کے ساتھ بلکہ کسی بھی خاتون کے ساتھ نہیں ہونی چاہئیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر بارہا آواز اٹھا چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود جب بھی فنکار کسی تقریب میں شرکت کے لیے باہر آتے ہیں تو انہیں اسی طرز کی ویڈیوز اور تصاویر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
نیہا دھوپیا کا یہ ردعمل حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہیں ٹریک پر دوڑتے ہوئے ایسے زاویے سے فلمایا گیا تھا جسے سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
https://www.instagram.com/reels/DaPGbzesgoJ/
اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا دھوپیا کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں ’’ویل ڈن نیہا‘‘ لکھا اور ان کے اقدام کو سراہا۔
چند روز قبل خود سوناکشی سنہا بھی ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے سے ناخوش دکھائی دی تھیں۔ وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ساتھ موجود تھیں، جہاں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر فوٹوگرافروں سے کہا تھا، ’’بس گائز، شکریہ، گڈ نائٹ‘‘، تاہم اس کے باوجود کیمرے مسلسل ان کا تعاقب کرتے رہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کسی بھارتی اداکار یا اداکارہ نے پاپارازی کے رویے پر اعتراض اٹھایا ہو۔ اس سے قبل سلمان خان، جھانوی کپور، پلک تیواری اور زرین خان بھی نجی زندگی میں مداخلت اور نامناسب زاویوں سے تصاویر لینے کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔