اسلام آباد ایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن کے مسافر خوار، دو گھنٹے گزرنے کے باوجود سامان نہ مل سکا

یہ بھی نہیں بتایا جا رہا کہ سامان کب تک فراہم کیا جائے گا، مسافر


ویب ڈیسک July 02, 2026

اسلام آباد:

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن کی کراچی سے آنے والی پرواز پی ایف 125 کے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جہاں لینڈنگ کے دو گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود انہیں اپنا سامان نہیں مل سکا۔

متاثرہ مسافروں کے مطابق پرواز رات 9 بج کر 45 منٹ پر اسلام آباد پہنچی تاہم طویل انتظار کے باوجود بیگیج بیلٹ پر سامان نہیں پہنچایا گیا جس کے باعث مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ انتظار کرنے والوں میں بزرگ شہری، خواتین اور کمسن بچے بھی شامل ہیں مگر انہیں صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایئر لائن کا کوئی نمائندہ موقع پر موجود نہیں تھا۔

https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-07-02%20at%2012-58-05%20AM.mp4

متاثرہ مسافروں کے مطابق ایئرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی متعلقہ عملے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں بتایا گیا کہ سامان اتارنے کے لیے لوڈر دستیاب نہیں جس کے باعث بیگیج کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔

مسافروں نے شکوہ کیا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا جا رہا کہ سامان کب تک فراہم کیا جائے گا جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

متاثرہ مسافروں نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام سے فوری نوٹس لینے اور نجی ایئر لائن کی جانب سے پیش آنے والی اس غفلت کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔