ناران میں ٹک ٹاک بنانے کے شوق میں گاڑی دریائے کنہار میں ڈالنے والے سیاحوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دریائے کنہار میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے گاڑی اتارنے والے 4 افراد کے خلاف تھانہ ناران میں مقدمہ درج کیا گیا جب کہ شہریوں کو ریسکیو کرنے والے اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے سلطان، علی عثمان، محسن خان اور آصف علی کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او مانسہرہ نے دریائے کنہار میں سیاحوں کی جانیں بچانے والے ناران رافٹنگ ٹیم کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ناران میں ٹک ٹاک بنانے کے شوق میں سیاحوں نے گاڑی دریائے کنہار میں ڈال دی، جس کے باعث سیاح گاڑی سمیت دریا میں پھنس گئے۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق پانی گہرا ہونے کی وجہ سے گاڑی دریا میں پھنس گئی۔
https://www.facebook.com/share/r/18YE7UAsqV/
گاڑی دریائے کنہار میں ڈوبنے پر کے ڈی اے حکام کے ریسکیو بوٹ نے گاڑی میں موجود چار افراد کو ریسکیو کر لیا۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی کو دریا سے نکالنے کے لیے ریسکیو عمل کیا گیا اور گاڑی کو باہر نکال لیا گیا۔
https://www.youtube.com/watch?v=pOKzTz9ako0