شہید ایرانی سپریم لیڈر کی تجہیز و تکفین؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

وزیراعظم ایران سے ترکیہ کے سرکاری دورہ کے لیے استنبول اور فیلڈ مارشل وطن واپس روانہ


ویب ڈیسک July 03, 2026

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچ گئے اور شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلے فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچے جہاں ایرانی وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے تہران ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

فیلڈ مارشل کے بعد وزیراعظم وفد کے ہمراہ پہنچے، وفد میں عطا تارڑ، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ، نیر بخاری، دیگر وزرا اور ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم کی ایران کے مرحوم سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت

تہران آمد کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امام خمینی حسینیہ سینٹرپہنچے جہاں شہید کا جسد خاکی رکھا گیا ہے، پاکستانی سول اور عسکری قیادت نے شہید کے لے فاتحہ خوانی کی اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔

اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی وزیراعظم نے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔

https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-07-03%20at%205-25-56%20PM.mp4

سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم، جو آج ہی تہران پہنچے تھے، اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی تہران کے ثقافتی مرکز’امام خمینی مصلیٰ‘ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے وفود اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہیں۔

شہید کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی جس میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت سمیت لوگوں کی بہت بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ ایرانی دارالحکومت تہران سے جسدِ خاکی کو تہران سے قم، پھر نجف اور بعد ازاں کربلا منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تہران میں حملے کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی اور دیگر اہم شخصیات کی شہادت ہوئی تھی۔

فیلڈ مارشل کی عباس عراقچی سے ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تجہیزو تدفین کی تقریب میں شرکت کی اور بعد ازاں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملاقات کے دوران شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایران کے لیے خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے رہبر اعلیٰ مارشل عاصم منیر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی جنازہ اور تدفین کی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر حکام کے ہمراہ تہران پہنچے تھے اور اس وقت تہران میں موجود ہیں۔

بعدازاں فیلڈ مارشل سید عاصم جنازہ میں شرکت کے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے۔ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی اور اعلی سول ملٹری حکام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو الوداع کیا۔