اسلام آباد:
استحکام پاکستان پارٹی میں حال ہی میں شامل ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ پاک فوج کی گاڑیوں کو بھی چومتے ہیں مگر کشمیری قوم کو اتنا مجبور کیا گیا کہ انہوں نے راستے بند کرلیے۔
میڈیا سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی جانب سے میرے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس پر شکر گزار ہوں، ہم آغاز سے ہی آئی پی پی کا حصہ تھے، گزشتہ سال میں نے پیپلز پارٹی جوائن کی، فلور کراسنگ کی روایت بہت پرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ کشمیر کے حالات پر سوال کرتے ہیں، 9 لاکھ کی قابض فورسز کے گھیرے میں کشمیری کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، ہمارے لوگ پاک فوج کی گاڑیوں کو بھی چومتے ہیں مگر کشمیری قوم کو اتنا مجبور کیا گیا کہ انہوں نے راستے بند کرلیے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ نظام سے تنگ ہو گئے ہیں، سیاسی معاملات کو کم کرنے میں علیم خان اور ہم حصہ ڈالیں گے، آزاد کشمیر مکمل بند ہے اور لوگ شاہراہوں پر دھرنے دئیے بیٹھے ہیں، عوام کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور خوشحالی فراہم کریں گے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ خودمختاری والے نہیں ہم بائے چوائس پاکستان میں شامل ہوئے، آزاد کشمیر میں ایک ایسا وزیراعظم آیا جس نے بحران پیدا کردیا، آج جس ریٹ پر بجلی دی جارہی ہے کل نہیں دے سکیں تو کیا ہوگا؟
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں میں اجارہ داری ہے کسی کو سانس لینے کی اجازت نہیں ہوتی، سیاسی استحکام کے لیے ہم علیم خان کے ساتھ پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔