پنجاب میں غربت میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، حافظ نعیم الرحمان

لاہور میں سینکڑوں عمارتیں اور اسکول خستہ حال ہیں، اسکول مرمت کروانے کے بجائے آؤٹ سورس کیے جارہے ہیں، امیر جماعت اسلامی


آصف محمود July 03, 2026
فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اسکول مرمت کروانے کے بجائے نجی ہاتھوں فروخت کر رہی ہے اور پنجاب میں غربت میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لاہور میں سینکڑوں عمارتیں اور اسکول خستہ حال ہیں، اسکول مرمت کروانے کے بجائے آؤٹ سورس کیے جارہے ہیں۔

لاہور میں جائے حادثے کا دورہ کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم شہباز شریف صاحب کا حلقہ ہے، پنجاب میں ایسی سینکڑوں بستیاں ہیں جو بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو انداز حکمرانی بدلنا پڑے گا، جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایک انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، اس علاقے میں ڈیولپمنٹ کا کام ہونا چاہیے، زخمیوں کا مکمل علاج ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحے کا سارا ملبہ مقامی لوگوں یا گھر والوں پر ڈالنا درست نہیں ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو اسپتال لے کر گئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں غربت میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔