ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو میں ٹیلیفونک رابطہ؛ جلد امریکا میں ملاقات پر اتفاق

اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات کی حتمی تاریخ یا مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا


ویب ڈیسک July 03, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے امریکا میں بالمشافہ ملاقات پر اتفاق کیا ہے

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے چند بڑے فیصلوں پر اتفاق کیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور خطے میں جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ نے آئندہ دنوں میں امریکا میں بالمشافہ ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا تاہم ملاقات کی حتمی تاریخ یا مقام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور اسرائیل ایران، غزہ اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع ملاقات میں ایران، غزہ کی جنگ، یرغمالیوں کی رہائی جنگ بندی کی کوششوں اور دفاعی تعاون سمیت اہم علاقائی امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران امریکا کے یومِ آزادی کی 250 ویں سالگرہ پر مبارک باد دی اور امریکا کو عالمی آزادی کا ضامن قرار دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل امریکا کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹرمپ اور نیتن یاہو کے تعلقات میں کشیدگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں تاہم دونوں رہنماؤں نے بعد ازاں اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ باہمی رابطے اور تعاون برقرار ہیں۔