پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر حافظ نعیم کا ردعمل، ملک گیر احتجاج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کرپشن کا اڈہ بن گیا ہے جبکہ لیوی کے نام پر غریب عوام سے بھتہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک July 03, 2026

حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کریںگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں جنگ سے پہلے کی قیمتوں کے مطابق پاکستان میں بھی تیل کی قیمتیں مقرر کی جانی چاہئیں جبکہ حکومت کی جانب سے صرف ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف شرمناک بلکہ عوام دشمن بھی ہے اور حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ کرکے عوام کے حق پر ڈاکا ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال حکمرانوں کی نااہلی اور عیاشیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کرپشن کا اڈہ بن چکا ہے جبکہ لیوی کے نام پر غریب اور متوسط طبقے سے بھتہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اب یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو اپنا حق لینے کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دے گی۔