عارف والا: اغوا کے بعد سابق اہلیہ کو قتل کرکے جسم کے ٹکڑے کھیت میں دبانے والا سفاک شخص گرفتار

ملزم نے صلح کے بہانے سابقہ اہلیہ کو بلایا، اغوا کے بعد اسے قتل کیا، لاش کے ٹکڑے کیے اور زمین میں دبا دیے


ویب ڈیسک July 04, 2026

عارف والا میں پولیس نے مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل ہونے والی خاتون کے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سابق شوہر کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا اور اس کی نشاندہی پر کھیتوں سے خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد کر لیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے صلح کے بہانے سابقہ اہلیہ کو بلایا، اغوا کے بعد اسے قتل کیا، لاش کے ٹکڑے کیے اور زمین میں دبا دیے۔

پولیس کے مطابق دونوں نے پسند کی شادی کی تھی، ان کا ایک دو سالہ بچہ بھی ہے، جبکہ شوہر نے ایک سال قبل خاتون کو طلاق دے دی تھی۔

واقعے سے قبل لاپتہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ پولیس نے خاتون کے دو سالہ بچے کو لاہور سے بحفاظت برآمد کر لیا ہے۔ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔