بھارت میں 5 مساجد کو مسمار کردیا گیا

کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے


ویب ڈیسک July 04, 2026

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ مساجد کو مسمار کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی حکومت کی جانب سے سڑک کو کشادہ کرنے اور شہری ترقیاتی منصوبے کے تحت کی گئی جبکہ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے۔

حکام نے کہا ہے کہ مساجد منصوبہ بندی کے راستے میں آ رہی تھیں اور قانونی کارروائی اور پیشگی نوٹس کے بعد انہدام کیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق پانچ مساجد کی انتظامیہ نے منصوبے کے تحت کارروائی میں تعاون بھی کیا جبکہ چھٹی مسجد سے متعلق معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

دوسری جانب مقامی مسلم تنظیموں اور بعض سماجی کارکنوں نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی اور مذہبی اہمیت رکھنے والی مساجد کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور حکومت کو متبادل راستے تلاش کرنے چاہیے تھے۔ انہوں نے اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا۔