تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ثابت

دونوں جانب مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک August 23, 2014
مذاکراتی کمیٹیوں میں کوئی ڈیڈ لاک ہے اور نہ ہی کوئی ڈیڈلائن، عبدالقادر بلوچ، فوٹو:ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ثابت ہوا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے اور دونوں کمیٹیوں نے اپنے تحفظات ایک دوسرے کو پیش کردیئے ہیں جس کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور آج ہوگا۔

تحریک انصاف اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں حکومتی کمیٹی میں گورنر پنجاب چوہدری سرور،پرویز رشید،احسن اقبال، عبدالقادر بلوچ اور زاہد حامد شامل تھے جبکہ تحریک انصاف کی کمیٹی شاہ محمود قریشی،جاوید ہاشمی،اسد عمر،عارف علوی اور پرویز خٹک پر مشتمل تھی، دونوں کے کمیٹیوں کےدرمیان مذاکرات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہے جس میں دونوں جانب سے مطالبات پیش کیے گئے اور ان پر غور کیا گیا جبکہ دونوں کمیٹیوں نے ایک دوسرے کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

مذاکرات کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت نے ہمارے مطالبات پر اپنا موقف پیش کردیا ہے، دونوں کمیٹیوں نے اپنے اپنے مطالبات اور تحفظات ایک دوسرے کو پیش کردیئے ہیں جس کے بعد مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور مذاکرات کی تیسری نشست آج ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے مطالبات پر نکتہ نظر پیش کیا گیا جس میں طے ہوا کہ دونوں کے مطالبات اور تحفظات پر غور کیا جائےگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ دونوں مذاکراتی کمیٹیوں میں کوئی ڈیڈ لاک ہے اور نہ ہی کوئی ڈیڈلائن، دونوں جانب سے مذاکرات پر مکمل اتفاق ہے اور انہیں جاری رکھا جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک اانصاف اور حکومت نے اپنا اپنا موقف پیش کردیا ہے جس پردونوں ٹیمیں اپنی قیادت سے مشاورت کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں