امریکا کیساتھ مذاکرات کے اگلے دور سے قبل ایرانی وزیرِ داخلہ پاکستان آئیں گے

اس دورے کا اعلان گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورہ ایران کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا تھا


کامران یوسف July 05, 2026

پاکستان میں ہونے ایران، امریکا بالواسطہ مذاکرات کے اگلے دور سے قبل ایک اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد وزیرداخلہ سکندر مومنی کی قیادت میں اگلے چند دنوں میں پاکستان کا دورہ کریگا۔ان کا یہ دورہ 9 جولائی کو ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ شہید کی تدفین کے بعد ہوگا۔

اس دورے کا اعلان گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورہ ایران کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا تھا۔پاکستان آنے والے ایرانی وفد میں زراعت،صنعت،کان کنی،تجارت،روڈز اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ،خارجہ امور کے سرکاری حکام کے علاوہ کلچر،ہیریٹج،ٹورزم اور ہینڈی کرافٹس کے شعبوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایران ،امریکا مذاکرات سے قبل اس وفد کے دورہ پاکستان کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔اس دورے سے دوطرفہ تجارت،رابطہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سویٹزرلینڈ اور دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے باوجود ایرانی قیادت اگلے مذاکرات کیلئے اسلام آباد کو زیادہ اہمیت دیتی ہے کیونکہ پاکستان کے ایران اور خلیجی ریاستوں سے بہترین تعلقات ہیں اور بطورثالث اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے گزشتہ ہفتے کی پریس بریفنگ میں ایران ،امریکہ مذاکرات کے اسلام آباد میں ہونے کی طرف اشارہ کیا تھا۔ایران اور امریکہ نے گزشتہ ماہ اسلام آباد ایم او یوپردستخط کیے تھے۔

اس کے بعد پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ چینلز کو کھلے رکھے ہوئے ہے۔اب ایرانی وزیرداخلہ کے دورہ پاکستان کو سفارتی حلقے معمول کے دوروں سے زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔