خلیج بنگال میں ہوا کم دباو، کراچی میں بارش ہوگی یا گرمی مزید بڑھے گی؟

کراچی میں ہوائیں مکمل بند ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات


آفتاب خان July 07, 2026

کراچی:

بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ اس دوران ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق 8 اور 9 جولائی کو سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شہید بےنظیرآباد، قمبر شہداد کوٹ اور نوشہرو فیروز میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباو اس وقت بھارت کی بالائی فضاوں میں موجود ہیں جس کے زیر اثر پیر 6 جولائی کو کراچی میں درجہ حرارت میں ایک تا دو ڈگری اضافہ ہوا، منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوائیں ساکن ہونے کے نتیجے میں حبس محسوس کیا جائے گا۔

کراچی میں بھارت سے منسلک سسٹم کے زیر اثر 2 روز تک گرمی میں کچھ اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار میں کمی کے سبب دو روز کے دوران گرمی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ کراچی میں ہوائیں مکمل بند ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے اور فی الوقت بارش ہونے کی بھی کوئی توقع نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سسٹم کے اثرات ختم ہونے کے بعد موسم معتدل رہنے کا امکان ہے۔

کراچی سمیت صوبے کے ساحلی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ آج اور کل کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 تا 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔