امریکا میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے روایتی ہاٹ ڈاگ کھانے کے سالانہ مقابلے میں معروف مقابلہ باز جوئی چیسٹنٹ نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے صرف 10 منٹ میں 66 ہاٹ ڈاگ کھا کر مردوں کے مقابلے کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ وہ 18ویں مرتبہ اس مقابلے کے فاتح بن گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کامیابی پر جوئی چیسٹنٹ کو 10 ہزار امریکی ڈالر انعام اور روایتی یلو بیلٹ سے بھی نوازا گیا۔ فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال اس مقابلے میں شریک ہونا ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر ہوتا ہے، تاہم اس مرتبہ شدید گرمی کے باعث وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔
رپورٹس کے مطابق جوئی چیسٹنٹ کے نام اس مقابلے کا عالمی ریکارڈ بھی موجود ہے۔ انہوں نے 2021 میں صرف 10 منٹ کے دوران 76 ہاٹ ڈاگ کھا کر یہ منفرد اعزاز حاصل کیا تھا، جو اب بھی برقرار ہے۔
اس سال ہونے والے مقابلے میں پیٹرک برٹولیٹی 51 ہاٹ ڈاگ کھا کر دوسرے نمبر پر رہے، تاہم وہ چیسٹنٹ کا مقابلہ نہ کر سکے۔
دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں میکی سودو نے مسلسل 12ویں بار اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے 38.75 ہاٹ ڈاگ کھا کر چیمپئن شپ جیت لی۔ خواتین کے زمرے میں بھی عالمی ریکارڈ انہی کے نام ہے، جہاں انہوں نے 2021 میں 51 ہاٹ ڈاگ کھانے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
کامیابی کے بعد میکی سودو نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حاضرین کے جوش و خروش اور بھرپور حوصلہ افزائی نے انہیں ایک اور کامیابی حاصل کرنے کا حوصلہ دیا۔
واضح رہے کہ ہاٹ ڈاگ کھانے کا یہ تاریخی مقابلہ 1972 سے ہر سال نیویارک میں ایک معروف ہاٹ ڈاگ ریسٹورنٹ کے باہر یومِ آزادی کے موقع پر منعقد کیا جاتا ہے اور اسے امریکا کے مقبول ترین روایتی مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔