برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر ازقا سہیل کو مس سپرانیشنل پاکستان 2026 منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ پولینڈ میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن مس سپرانیشنل 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
پولینڈ میں ہونے والا یہ مقابلہ دنیا کے پانچ بڑےعالمی بیوٹی پیجنٹس میں شمار کیا جاتا ہے جہاں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی حسینائیں اپنے ملک کی ثقافت، روایات، سماجی خدمات اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر پیش کرتی ہیں۔

ڈاکٹر ازقا سہیل پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ڈاکٹر اور ایس تھیٹک پریکٹیشنر ہیں، وہ برطانیہ میں طب کے شعبے سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں اور لندن میں قائم فلاحی تنظیم اڈانا کے بورڈ کی رکن بھی ہیں۔

اڈانا خواتین اور بچیوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور سماجی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
ڈاکٹر ازقا اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ سماجی خدمات کو بھی اپنی زندگی کا اہم حصہ قرار دیتی ہیں اور خواتین کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کی کوششوں میں سرگرم رہتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی والدہ کی جدوجہد سے ہمیشہ حوصلہ ملا، ان کی والدہ کا تعلق پنجاب کے شہر ملکوال کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تھا لیکن انہوں نے محنت، تعلیم اور عزم کے ذریعے برطانیہ میں کالج پرنسپل کا منصب حاصل کیا۔

مس سپرانیشنل پاکستان 2026 کی حیثیت سے ڈاکٹر ازقا سہیل پولینڈ میں عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکی ثقافت، روایات، اقدار اور خواتین کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں گی، یہ ان کی پہلی بین الاقوامی بیوٹی پیجنٹ میں شرکت ہوگی جسے وہ اپنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتی ہیں۔
مس پاکستان آرگنائزیشن کی صدر سونیا احمد نے ڈاکٹر ازقا سہیل کو اس اعزاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مس سپرانیشنل دنیا کے معتبر ترین مقابلوں میں شامل ہے اور ڈاکٹر ازقا سہیل اس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی تیسری امیدوار ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ازقا سہیل اپنی صلاحیتوں، اعتماد اور شان دار شخصیت کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور پاکستان کے لیے نمایاں کامیابی حاصل کریں گی۔
