ایبٹ آباد میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 14 بچوں سمیت 20 افراد زخمی

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 12 سال سے کم ہیں جبکہ حادثے میں 6  مرد بھی زخمی ہوئے


ویب ڈیسک July 10, 2026
فوٹو: فائل

ایبٹ آباد کے علاقے دھمتوڑ بائی پاس پر تیز رفتاری کے باعث سوزوکی وین خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ہریپور سے تعلق رکھنے والے 14 کمسن بچوں سمیت 20 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 12 سال سے کم ہیں جبکہ حادثے میں 6  مرد بھی زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی تین ایمبولینسیں تربیت یافتہ اہلکاروں کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا۔ طبی معائنے کے دوران بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں فوری طور پر ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی بچوں کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ ان کی جانیں بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔