پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو شکست دے دی

گرین شرٹس کی جانب سے صہیب مقصود 89، فواد عالم 62 اور احمد شہزاد 49 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔


ویب ڈیسک August 23, 2014
شاندار کارکردگی کا مظاہر کرنے پر صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔۔ فوٹو؛ اے ایف پی

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔


سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا کے مہندا راجہ پاکسے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا نے مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے، آئرلینڈر کی جانب سے کپتان انجیلو میتھیوز 89 اور مہیلا جے وردھنے 63 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ اشھان پرینجن نے 15 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، محمد عرفان نے 2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف صہیب مقصود اور فواد عالم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں پرحاصل کرلیا۔

پہلی وکٹ کی شراکت میں اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 39 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 21 رنز بنا کر انجیلو میتھوز کا شکار بنے جس کے بعد یونس خان زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 3 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، عمر اکمل 15 اور کپتان مصباح الحق 13رنز بنا سکے جبکہ احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز جوڑے۔ چھٹی وکٹ کی شراکت میں صہیب مقصود اور فواد عالم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 رنز کی شراکت قائم کی اور 253 کے مجموعے پر فواد عالم 62 رنز بنانے کے بعد لیستھ ملنگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، صہیب مقصود نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 اور شاہد آفریدی نے 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان انجیلو میتھیوز اور تھسارا پریرا نے 2،2 جبکہ لیستھ ملنگا اور رنگانا ہیراتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں