میرپور خاص: جعلی عامل اور اس کے ساتھی کی 2 کمسن لڑکیوں سے زیادتی، ایک لڑکی جاں بحق

جعلی عامل سے منسوب مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعے کا وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لے لیا


ویب ڈیسک July 10, 2026

میرپور خاص میں 2 کم سن لڑکیوں سے مبینہ زیادتی اور ایک کی ہلاکت کا مقدمہ جعلی عامل اور اس کے ساتھی کے خلاف درج کر لیا گیا۔

جاں بحق لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اغوا اور زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق جعلی عامل اور اس کے ساتھی نے دونوں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جس سے ایک لڑکی جاں بحق اور دوسری لڑکی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم جعلی عامل گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

میرپورخاص میں جعلی عامل سے منسوب مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعے کا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی میرپورخاص سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے ایک لڑکی کی ہلاکت اور دوسری متاثرہ لڑکی کی تشویشناک حالت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور میرٹ پر تحقیقات کی جائیں اور کسی بھی ذمہ دار کو رعایت نہ دی جائے۔ انہوں نے جعلی عاملوں اور عوام کو دھوکا دینے والے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام شواہد محفوظ کرکے مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ ایس ایس پی میرپورخاص کو تحقیقات کی مسلسل نگرانی اور پیش رفت سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔