ویتنام کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکوک کے قریب بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ الٹنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت اسپیڈ بوٹ میں 36 افراد سوار تھے۔ کشتی اچانک الٹ جانے سے مسافر سمندر میں گرگئے جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں، کوسٹ گارڈ اور مقامی ماہی گیر فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے تمام افراد بھارتی شہری ہیں، جن کی لاشیں سمندر سے نکال کر مقامی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے بعض متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا اور اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا کشتی خراب موسم، تیز لہروں، تکنیکی خرابی یا انسانی غفلت کے باعث الٹی۔
بھارتی سفارتی حکام نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ شروع کر دیا ہے جبکہ ویتنامی حکام نے مکمل تحقیقات اور متاثرین کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ فوکوک جزیرہ ویتنام کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال ہزاروں غیر ملکی سیاح تفریح، ساحلی سرگرمیوں اور آبی کھیلوں کے لیے آتے ہیں۔