خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے کا خدشہ

اس دوران صوبے کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب آ سکتا ہے


ویب ڈیسک July 12, 2026

پشاور:

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں کے حساس مقامات پر شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران صوبے کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب آ سکتا ہے، پیش گوئی کی مدت کے دوران تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں جیسے سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

چترال اپَر و لوئر، دیر اَپر و لوئر،، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان اَپر و لوئر، کولائی پالس، تورغر میں تیز آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ بارش کاکول میں 59، باجوڑ میں 29، پشاور میں دو، ڈیرہ اور سوات میں 5، دیر اور کالام میں 7، مالم جبہ میں 13 اور بنوں میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40، پشاور میں 36، چترال میں 38، مالم جبہ میں 34، کالام میں 27  اور بنوں میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔