کراچی: گلزار ہجری میں بکرے چوری کرنے آیا ڈاکو شہری کی فائرنگ سے ہلاک

کار میں سوار4 ڈاکو واردات کی نیت سے آئے تھے ، شہری نے گھر کے باہر باڑے نما جال میں بکرے پال رکھے ہیں


اسٹاف رپورٹر July 12, 2026

کراچی کے علاقے  گلزار ہجری اسکیم 33 میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ، ڈاکو بکرے چوری کرنے آئے تھے شہری نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا تو اس کے کار سوار تین ساتھیوں نے فائرنگ کر دی تھی ، شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا دیگر ڈاکو فرار ہوگئے ۔

مبینہ ٹاؤن کے علاقے گلشن اقبال ٹاؤن گلزر ہجری اسکیم 33 ختم نبوت چوک کاؤنٹی گارڈن کے قریب شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 32 سالہ محمد آصف ولد محمد عباس کے نام سے کی گئی ، کلٹس کار میں سوار4 ڈاکو واردات کی نیت سے آئے تھے ، شہری نے گھر کے باہر بانسوں سے باڑے نما جال بنایا ہے جہاں اس نے بکرے پال رکھے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل بھی کار سوار ملزمان بکرے چوری کر کے لے گئے تھے ، اتوار کی صبح سویرے کار سوار ملزمان بکرے چوری کرنے آئے ، ایک ملزم کو بکروں کے مالک نے پکڑا تو اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی ، شہری نے بھی اپنے پستول سے جوابی فائرنگ کی ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا۔

ملزمان کی سفید رنگ کی کلٹس کار پر بھی گولیاں لگیں ہیں ، شبہ ہے کہ گاڑی میں سوار ملزمان میں سے بھی کوئی زخمی ہوا ہو ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مبینہ ٹائون پولیس موقع پر پہنچ گئی ، جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔