بلوچستان؛ ماشکیل میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدور جاں بحق

مقتولین مقامی دکانوں میں مزدوری کرتے تھے، لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، پولیس


فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کر کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدوروں کو قتل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر واشک مجید سرپرہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا جو وہ مقامی دکانوں میں کام کر رہے تھے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پانچوں مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی اور مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مجید سرپرہ نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، ذمہ دار افراد کی نشان دہی اور گرفتاری کے لیے تیز رفتار کارروائی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے، انتظامیہ نے علاقے کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور مزید تفتیش کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کی ہے،  قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

صدرِ پاکستان نے کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا کھلا ظلم ہے، ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔

یہ بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے واشک کے علاقے ماشکیل میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔