غیرملکی خواتین سےمبینہ زیادتی؛ جوڈیشل مجسٹریٹ کو دھمکانے کےمقدمے میں ایس ایچ او کی عبوری ضمانت خارج

عدالت نے ایس ایچ او فرہاد کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا


ویب ڈیسک July 13, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

سیشن عدالت نے دو غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کو مبینہ طور پر دھمکانے کے کیس میں ایس ایچ او ڈیفنس سی فرہاد کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عبد القدوس نے عبوری درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت نے قبل ازیں ایس ایچ او فرہاد کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے عدم حاضری پر ایس ایچ او کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھا دی۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او ڈیفنس سی فرہاد کے خلاف تھانہ مصطفی آباد میں مقدمہ درج ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ رات کے وقت جوڈیشل مجسٹریٹ کے گھر داخل ہوئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور انہیں دھمکیاں دیں۔ مقدمے کی مزید کارروائی جاری ہے۔