پاکستانی تاجروں کوروم ایکسپومیںشرکت کی دعوت

رومانیہ کے سفیرکی ڈپلومیٹک کمیٹی ایف پی سی سی آئی کے سربراہ سے ملاقات


ایکسپریس July 12, 2012
رومانیہ کے سفیرکی ڈپلومیٹک کمیٹی ایف پی سی سی آئی کے سربراہ سے ملاقات

رومانیہ کے سفیر ایمی لیان لون نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات بالخصوص ٹیکسٹائل، گارمنٹس، لیدر گڈز رومانیہ کو برآمد کریں۔ ایف پی سی سی آئی کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چئیرمین شیخ ہمایوں سعید سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر رومانیہ کے توسط سے دیگر یورپی ممالک کے ساتھ بھی تجارت کرسکتے ہیں۔

انھوں نے یقین دلایا کہ ان کا ملک اس معاملے میں بھی پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انھوں نے پاکستانی تاجروں کو بخارسٹ میں عنقریب منعقد ہونے والی نمائش روم ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ شیخ ہمایوں سعید نے رومانیہ کے سفیر کو بتایا کہ پاکستانی تاجر روم ایکسپو میں ضرور شرکت کریں گے۔

انھوں نے پاکستان کے کول، انرجی، فارماسوٹیکل، ہائیڈرو پاور اور دیگر شعبوں میں رومانیہ کی جانب سے اظہار دلچسپی پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے رومانیہ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، متعلقہ لوگوں سے رابطے کرنے ، نمائشوں کا انعقاد کرنے اور تجارتی معلومات کے تبادلے میں رومانیہ کے تاجروں کی مکمل معاونت کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں