دھرنا دینے والوں کا اشارہ جس طرف ہے وہاں سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی مولانا فضل الرحمان

کیلیں لگے ڈنڈوں سے پولیس والوں کو مارا جارہا ہے لیکن ریاست پھر بھی 10 روز سے صبر کا مظاہرہ کررہی ہے


ویب ڈیسک August 23, 2014
،پشاور میں بارش سے ہلاکتوں پر صف ماتم بچھ چکی ہے لیکن خیبرپختونخوا کے حکمران اسلام آباد میں رقص میں مصروف ہیں۔ مولانا فضل الرحمان، فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت کوئی تھرڈ امپائر موجود نہیں جبکہ دھرنا دینے والوں کا جس طرف اشارہ ہے ادھر سے بھی کوئی مداخلت نہیں کرے گا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان دھرنوں کی کوئی منطق نہیں، دھرنے والوں کو ایک سال بعد دھاندلی نظر آئی ہے تاہم اس کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بن چکا ہے جبکہ انتخابی اصلاحات کے لئے کمیٹی بھی بنادی گئی ہے جس میں تحریک انصاف بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیلیں لگے ڈنڈوں سے پولیس والوں کو مارا جارہا ہے لیکن ریاست پھر بھی 10 روز سے صبر کا مظاہرہ کررہی ہے، اپنے آپ کو لبرل کہنے والے انتہا پسندانہ رویئے پر اتر آئے ہیں۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی پارلیمنٹ اور جمہوریت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سیاسی قوتیں متحد اور اسلام آباد میں دھرنے دینے والے تنہا ہیں،ہم چاہتے ہیں مذاکرات کامیاب ہوں،ہم اس عمل کو سبوتاژ کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہٹ دھرمی برقراررہی توعوامی قوت کواسلام آبادجانےسےکوئی نہیں روک سکتا، ہر کوئی پانچ ہزار افراد اسلام آباد لے کر پہنچنے تو پھر سیاست کس طرح چلے گی اگر پانچ ہزار افراد لاکر ہی اقتدار پر قبضہ کرنا ہے تو پھر الیکشن کی کیا ضرورت ہے جبکہ اس وقت کوئی تھرڈ امپائر بھی نہیں ہے جس طرف اشارہ کیا جارہا ہے وہاں سے بھی کوئی مداخلت نہیں کرے گا، فوج ایک ادارہ ہے اور اس کے لوگ سنجیدہ ہیں لہٰذا فوج اس وقت ٹیک اوور نہیں کرے گی۔

امیر جے یو آئی (ف) نےکہا کہ وزیرستان کے دس ہزار قبائل بے گھر ہیں،پشاور میں بارش سے ہلاکتوں پر صف ماتم بچھ چکی ہے لیکن خیبرپختونخوا کے حکمران اسلام آباد میں رقص میں مصروف ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں