تھرڈ امپائر کوئی نہیں اگر تھرڈ امپائر کی بات ہوئی توپھردور تک جائے گی آصف زرداری

وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ جتنا پیاراورتحمل سے کام کیا جائے اتنا بہتر ہے جب کہ موجودہ وقت لڑنے کا نہیں، سابق صدر

عوام کو سڑکوں پر لاکر حکومتوں کو چیلنج نہیں کیا جانا چاہیئے اس عمل سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا، سابق صدر فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پیپلرپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو سڑکوں پر لاکر حکومتوں کو چیلنج نہیں کیا جانا چاہئے جب کہ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ جتنا پیار اور تحمل سے کام کیا جائے اتنا بہتر ہے کیونکہ موجودہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ تھرڈ امپائر کی بات ہوگی تو بات دور تک جائے گی، وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہیں تجویز دی ہے کہ صبر کریں اور معاملات کو سیاسی طور پر حل کریں، اگر عمران خان اور طاہرالقادری کو رنجشیں ہیں تو انہیں مذاکرات کے ذریعے قائل کریں اور آخری حد تک مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے، سڑکوں پر حکومتوں کے خلاف فیصلے کرنے سے جمہوریت کمزور ہوگی، اگر آئین میں رہتے ہوئے تبدیلیاں کرنی ہیں تو یہ بہتر طریقہ ہے ۔



پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین کا کہنا تھا کہ حکومتوں سے غلطیاں ہوں گی لیکن آہستہ آہستہ قدم بڑھاتے ہوئے بہترین حکومتیں لائی جاسکتی ہیں،عمران خان اور طاہرالقادری کے مطالبات بہت زیادہ ہیں تاہم بات چیت کے ذریعے درمیانی راستہ تلاش کیا جاسکتا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں پر مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے، میڈیا اور عوام کو فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے جبکہ سیاستدانوں پر لازم ہے کہ مل بیٹھ کر سیاسی بحران کا حل تلاش کریں ۔


آصف علی زرداری نے کہا کہ الطاف حسین، چوہدری برادران، امیر جماعت اسلامی اور مولانا فضل الرحمان سے بھی بات چیت کے دوران شائستہ سیاست جاری رکھنے پر بات ہوئی،کوشش ہے کہ سیاسی لوگ مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں، پاکستان پیپلز پارٹی اپوزیشن میں رہ کر شائستہ انداز میں سیاست کرے گی۔


واضح رہے کہ سابق صدر نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دی گئی ظہرانے کی دعوت پر ان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی اور بعدازاں ظہور پیلس میں چوہدری برادران سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

Load Next Story