ٹام ہالینڈ کا ارلنگ ہالینڈ کو ملاقات کا پیغام، اسٹار فٹبالر کا کیا رسپانس تھا؟

ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فٹبالر ارلنگ ہالینڈ سے دوستی کی کوشش کی اور پیغام بھیجا


ویب ڈیسک July 14, 2026

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مانچسٹر سٹی کے اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ سے دوستی کی کوشش کی، مگر انہیں ایسا جواب ملا جس کی توقع نہیں تھی۔

25 سالہ اداکار نے امریکی ٹی وی پروگرام ’’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فیلن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ارلنگ ہالینڈ کو سوشل میڈیا پر براہِ راست پیغام بھیجا تھا، لیکن فٹبالر کی جانب سے کسی قسم کا جواب موصول نہیں ہوا۔

شو کے میزبان جمی فیلن نے ایک وائرل سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ارلنگ ہالینڈ کو یہ تک معلوم نہیں تھا کہ ٹام ہالینڈ کون ہیں، کیونکہ وہ فلمیں نہیں دیکھتے، اس لیے انہوں نے اداکار کا پیغام کسی اجنبی شخص کا میسیج سمجھا۔ اس پر جمی فیلن نے ٹام سے پوچھا کہ کیا واقعی انہوں نے ہالینڈ کو میسیج کیا تھا؟

اس سوال کے جواب میں ٹام ہالینڈ نے ہنستے ہوئے اعتراف کیا کہ یہ بات بالکل درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور اداکار ایسے تجربات انسان کو حقیقت کا احساس دلاتے ہیں۔ ان کے بقول ’’میں نے سوچا تھا کہ انہیں میسج کروں گا، شاید ڈنر پر مل بیٹھیں گے، لیکن نہ کوئی جواب آیا، نہ کوئی عذر، یہاں تک کہ یہ بھی نہیں کہا کہ آج مصروف ہوں۔‘‘

ٹام ہالینڈ نے بتایا کہ انہیں ہالینڈ کو پیغام بھیجنے کا خیال گزشتہ سال ’فارمولا ون موناکو گراں پری‘ کے دوران آیا، جہاں وہ ریس دیکھنے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے ارلنگ ہالینڈ کو سامنے موجود ایک ہاسپیٹلٹی سوئٹ میں دیکھا، تو دل میں خیال آیا کہ قسمت آزمائی کر لیتا ہوں اور انہیں ایک پیغام بھیج دیتا ہوں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن وہ یہ قصہ براہِ راست ٹی وی پروگرام میں بیان کریں گے، مگر اب یہی ہو رہا ہے۔

جب جمی فیلن نے پوچھا کہ کیا وہ اب بھی ارلنگ ہالینڈ کے ساتھ ڈنر پر جانا چاہیں گے، تو ٹام ہالینڈ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ اب وہ میرے ساتھ کھانے پر جانا پسند کریں گے۔‘‘ ان کا اشارہ حال ہی میں انگلینڈ کی ناروے کے خلاف 2-1 سے کامیابی کی جانب تھا، جس میں ارلنگ ہالینڈ کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔