دبئی میں فلمی انداز میں ڈکیتی ناکام بنادی گئی؛ 10 منٹ میں ڈاکو سے کروڑوں روپے برآمد

یرغمال بنائے گئے ملازم نے پولیس کو ایس ایم ایس الرٹ بھیج کر مطلع کیا


ویب ڈیسک July 15, 2026
دبئی میں ڈکیتی کی واردات کو فلمی انداز میں ناکام بنادیا گیا

دبئی میں منی ایکسچینج میں ہونے والی فلمی انداز کی مسلح ڈکیتی صرف 10 منٹ میں ناکام بنا دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ انوکھی واردات ڈیرہ کے علاقے میں واقع ایک منی ایکسچینج میں پیش آئی جہاں نقاب پوش مسلح ڈاکو اندر داخل ہوئے اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈاکوؤں نے عملے کو باندھ دیا اور ایک کروڑ درہم لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم ایک ملازم نے انتہائی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موبائل فون سے خفیہ طور پر پولیس کو اطلاع دیدی۔

جس کے بعد دبئی پولیس نے ایمرجنسی الرٹ جاری ہوتے ہی ڈیرہ دبئی کی فوری ناکہ بندی کر دی گئی اور فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی۔

پولیس نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہونے والے ملزمان کی نقل اور حرکت پر نظر رکھی جبکہ برّی فورسز نے چند ہی منٹوں میں دونوں ڈاکوؤں کو گھیر کر گرفتار کرلیا۔

دبئی پولیس نے 10 منٹ کی برق رفتار کارروائی سے نہ صرف فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا بلکہ لوٹی گئی ایک کروڑ درہم کی پوری رقم بھی برآمد کرلی۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق ایک افریقی ملک سے ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں کہ آیا ملزمان کے ساتھ کوئی اور ساتھی بھی ملوث تھا یا نہیں۔