وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امیدوار کو ٹیلیفون، قراردادوں پر عملدرآمد پر زور

گیانا کی مستقل مندوب روڈریگز برکیٹ نےاقوام متحدہ کے امور میں پاکستان کے گراں قدر کردار کی بھی تعریف کی


ویب ڈیسک July 15, 2026
فوٹو: فائل

 وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار اور اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل مندوب کیرولین روڈریگز برکیٹ سے ٹیلیفونک رابطے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار اور اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل مندوب کیرولن روڈریگز-برکیٹ کے درمیان آج ٹیلی فون گفتگو ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کثیر الجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کی ترجیح پر زور دیا اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اقوام متحدہ کے اہم کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری، نیز اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر دیانت داری سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر روڈریگز برکیٹ نے ٹیلی فون کال کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و استحکام کے حصول کے لیے وزیراعظم کی کوششوں اور قیادت کو بے حد سراہا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امور میں پاکستان کے گراں قدر کردار کی بھی تعریف کی۔