فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا کے فاک لینڈز بینر پر برطانیہ برہم، تحقیقات کا مطالبہ

وزیراعظم آفس نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ ہمارا نہ سہی لیکن فاک لینڈ جزائر برطانیہ کے ہیں


ویب ڈیسک July 16, 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی نوعیت کا بینر لہرانے پر برطانیہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے فیفا سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

میچ کے اختتام پر ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے جشن مناتے ہوئے ایک بینر اٹھایا جس پر ہسپانوی زبان میں ’لاس مالویناس سون ارجنٹیناس‘ لکھا تھا جس کا مطلب ہے فاک لینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے بزنس منسٹر پیٹر کائل نے کہا کہ میدان میں سیاسی پیغام پر مبنی بینر لہرانا فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ عالمی فٹبال تنظیم کھیل کے میدان میں سیاسی علامات اور پیغامات کی اجازت نہیں دیتی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیفا اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور مناسب کارروائی عمل میں لائے۔

ادھر برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ ہمارا نہ سہی لیکن فاک لینڈ جزائر یقیناً برطانیہ کے ہیں۔

واضح رہے کہ فاک لینڈ جزائر، جنہیں ارجنٹینا مالویناس کہتا ہے، پر دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے تنازع چل رہا ہے۔ 1982 میں ارجنٹینا نے ان جزائر پر قبضہ کیا تھا، تاہم برطانیہ نے مختصر جنگ کے بعد دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ اس جنگ میں 649 ارجنٹائنی اور 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب فیفا نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔

ادھر ارجنٹینا کی سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد ملک کے وزیر خارجہ پابلو کیرنو نے بھی دعویٰ کیا کہ حکومت نے فاک لینڈ جزائر کے قریب برطانوی جنگی جہاز ایچ ایم ایس میڈوے کی مبینہ نقل و حرکت پر برطانیہ کے خلاف سفارتی احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔

یاد رہے کہ سیمی فائنل سے قبل ارجنٹینا کی نائب صدر وکٹوریہ ویلارویل نے بھی انگلینڈ کو غاصب قزاق قرار دے کر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کر دیا تھا۔