’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ : اہلِ  پنجاب کے لیے بڑی خوش خبری

مریم نواز نے پورٹل لانچ کردیا، منصوبے کی تفصیلات سامنے آ گئیں


ویب ڈیسک July 17, 2026

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’اپنی چھت محفوظ چھت‘ پراجیکٹ میں عوام کے لیے بڑی خوش خبری کا اعلان کردیا۔

صوبے میں  ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پراجیکٹ سانحہ کاہنہ کے شہید بچوں سے موسوم کردیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پراجیکٹ پورٹل کا ڈیجیٹل لانچ کردیا ہے۔

مریم نواز کی جانب سے شہریوں کے لیے خوشی کی خبر یہ ہے کہ ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پراجیکٹ کے لیے ماہانہ قسط کم  کردی گئی ہے، جو اب 14ہزار ماہانہ کے بجائے تقریباً 4700سے9300ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔

پنجاب کے شہری اپنے گھر کی چھت کو محفوظ اورمضبوط بنانے کے لیے 5لاکھ روپے کابلا سود قرض حاصل کرسکیں گے۔ شہری اپنے گھر میں اضافی کمرے،دوسری منزل وغیرہ بنانے کے لیے بھی10لاکھ روپے کا بلاسودلون لے سکیں گے۔

پنجاب
’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ عوام کیلیے خوشخبری
وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام کے لیے اقساط میں بڑی کمی اور بلاسود قرض کا اعلان
Express
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہاؤسنگ اسکیم پراجیکٹ کا پورٹل لانچ کر دیا، جس کے تحت شہریوں کو انتہائی کم قسط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
🏠
اپنا گھر
محفوظ چھت پراجیکٹ کا آغاز
💻
پورٹل لانچ
ڈیجیٹل رجسٹریشن کا آغاز ہوا
📉
بڑی کمی
ماہانہ قسط میں بڑا ریلیف
💰
قسط کی حد
ماہانہ 4700 سے 9300 روپے
💵
5 لاکھ روپے
چھت مضبوط بنانے بلاسود قرض
🏗️
10 لاکھ روپے
دوسری منزل یا کمرہ تعمیر
بلاسود لون
عوام پر اضافی بوجھ نہیں
🎗️
شہدا سے منسوب
سانحہ کاہنہ کے شہدا نام
express.pk
ایکسپریس نیوز انٹرایکٹو انفارمیشن سسٹم

صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے’اپنی چھت،محفوظ چھت‘ پراجیکٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں انہوں نے بتایا کہ شہری acag.punjab.gov.pkپر’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ کے لون کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر آفس،اے سی آفس اورپھاٹا کے دفاتر سے بھی ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ کے لیے اپلائی کیا جاسکتا ہے ۔ ’اپنی چھت،محفوظ چھت‘ پراجیکٹ کے لیے ہیلپ لائن 0800-09100 پر بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’پنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے تحت224457ملین کے 173158بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’اپنی چھت،محفوظ چھت‘ پراجیکٹ پورٹل کے اجرا پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھر محض اینٹ پتھر کا مجموعہ نہیں بلکہ تحفظ کی علامت ہے۔گھر ایسے محفوظ ہوتا ہے کہ بچے ماں کے ساتھ تحفظ محفوظ کرتے ہیں۔اپنامحفوظ گھر انسان کو احساس تحفظ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہکاہنہ میں ہونے والا سانحہ دل دہلا دینے والا تھا۔تعمیر کے دوران چھت گرنے سے 14معصوم بچے چلے گئے۔سانحہ کاہنہ کی وجہ سے میں رات بھر سو نہ سکی۔وہ گھر جوگرمی سردی،بارش دھوپ میں تحفظ کی ضمانت ہے، وہی مصیبت کا باعث بن جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ جن ماں باپ کے بچے دنیا سے چلے گئے ان کا کیا حال ہوگا،ماں کا دکھ کوئی ماں ہی جان سکتی ہے۔ میں نے سانحہ کاہنہ کی متاثرہ ماں کا نہ ختم ہونے والا دکھ دیکھا اورمحسوس کیا۔آج ہم پورے پنجاب کے لیے اہم اعلان کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی سختی کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارشیں،آندھی آنے سے دیواریں اورچھتیں گر جائیں تو لوگ نیچے دب جاتے ہیں۔ہرگھر کو محفوظ بنانے کے لیے ’اپنی چھت،محفوظ چھت‘ پراجیکٹ شروع کیا ہے، جس میں کمزور اورخستہ حال چھتوں کو محفوظ کرنے کے لیے نہایت آسانی سے قرض مل سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ روپے قرض کے لیے 4700روپے ماہانہ 9سال میں ادا کرنے ہوں گے۔ ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پراجیکٹ وسائل سے محروم کم آمدن والے لوگوں کے لیے شروع کیا جارہاہے۔اس کے ذریعے عوام کو جانی اور مالی نقصان سے بچانا چاہتے ہیں۔ اس میں لون کی پراسس فیس اوردیگر واجبات حکومت خود ادا کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ لمبے چوڑے پروسیجر کے بجائے سی این آئی سی کے ساتھ پنجاب کا ہر شہری اپلائی کرسکتا ہے۔عوام کی سہولت کے لیے آسان شرائط اورآسان ماہانہ قسط رکھ رہے ہیں۔ایک سے زیادہ رہائش پذیر خاندانوں کے لیے اضافی کمرے اورنئے منزل بنانے کے لیے 10لاکھ روپے بلاسود قرض دیں گے۔ لون کے اجرا کے بعد 3 ماہ گریس پیریڈ ہوگا،چوتھے ماہ قسط دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی زمین اپنا گھر کے لیے 2 ہزار پلاٹ کے الاٹمنٹ مل چکے ہیں۔ اپنی زمین اپنا گھر کے الاٹی بھی 15لاکھ لون کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔’اپنی چھت،اپنا گھر‘ اور ’اپنی زمین اپنا گھر‘ اور’اپنی چھت،محفوظ چھت‘ تینوں پراجیکٹ عوام کی سہولت کے لیے لائے گئے ہیں۔ آج کے بعد پنجاب میں کوئی گھر اتنا کمزور نہیں ہوگا کہ کسی خاندان کو تباہ کردے۔یہ پراجیکٹس احساس تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔