دنیا بھر میں مشہور ہونے والا یہ ’8-8-8 فارمولا‘ متوازن زندگی گزارنے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔
مصروف طرزِ زندگی اور بڑھتے کام کے دباؤ نے بہت سے افراد کی جسمانی اور ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں ماہرین ’8-8-8 رول‘ کو ایک ایسا آسان اصول قرار دیتے ہیں جو روزمرہ زندگی میں توازن پیدا کرنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
8-8-8 رول کیا ہے؟
’تھری ایٹس‘ فلسفے کے مطابق دن کے 24 گھنٹوں کو تین برابر حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
8 گھنٹے آرام اور نیند
8 گھنٹے کام
8 گھنٹے ذاتی زندگی، تفریح اور مشاغل
ماہرین کے مطابق اس اصول کا مقصد صرف وقت تقسیم کرنا نہیں بلکہ ایسا متوازن معمول اپنانا ہے جو ذہنی سکون، جذباتی توازن اور بہتر معیارِ زندگی میں مددگار ثابت ہو۔
8 گھنٹے کی نیند کیوں ضروری ہے؟
اس اصول کا پہلا حصہ مناسب آرام پر زور دیتا ہے۔ روزانہ 8 گھنٹے کی نیند جسم اور دماغ کو بحال کرتی ہے، توانائی واپس لاتی ہے اور انسان کو اگلے دن کے چیلنجز کے لیے تیار کرتی ہے۔ مناسب آرام ذہنی اور جذباتی توازن برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
8 گھنٹے کام، لیکن مؤثر انداز میں:
ماہرین کے مطابق اس اصول کا مطلب کم کام کرنا نہیں بلکہ زیادہ مؤثر اور منظم انداز میں کام کرنا ہے۔ بہتر منصوبہ بندی انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے، جبکہ پسندیدہ کام کرنے سے کام کا بوجھ محسوس نہیں ہوتا۔
8 گھنٹے خود کو دیں:
ماہرین کا کہنا ہے کہ دن کے آخری 8 گھنٹے خاندان، دوستوں، ورزش، مشاغل اور دیگر پسندیدہ سرگرمیوں کے لیے مختص ہونے چاہییں۔ کام سے مکمل وقفہ لینا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینا ذہنی صحت بہتر بنانے، توانائی بحال کرنے اور اگلے دن کے لیے خود کو تازہ دم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین اس اصول کو کیوں مفید سمجھتے ہیں؟
ماہرین کے مطابق 8-8-8 رول ضرورت سے زیادہ کام کرنے کی عادت (ورکوہولزم) کم کرنے، ذہنی دباؤ میں کمی لانے، خود اعتمادی بڑھانے اور مجموعی معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔