ایران کے اردن پر حملے میں ہمارے 2 فوجی ہلاک،4 زخمی اور 1 لاپتا ہے؛ امریکا کی تصدیق

دو زخمی اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے


ویب ڈیسک July 18, 2026

امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل حملے میں اردن میں تعینات دو اہلکار ہلاک، ایک لاپتا جبکہ دیگر 4 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے یہ حملہ جمعہ کو اردن میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر کیے تھے۔

امریکی سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی ایران کے حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیوں میں مصروف تھے کہ اسی دوران بیلسٹک میزائل حملے کی زد میں آ گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے اور ایک لاپتا ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اردن کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کو باضابطہ اطلاع دیے جانے تک ان کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔

تاحال ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق سینٹکام کے بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ لاپتا فوجی کی تلاش کے لیے امدادی اور فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کے حملوں کے جواب میں ایران نے اردن، کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا تھا۔