پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان ان دنوں اسکاٹ لینڈ میں تعطیلات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں، جہاں سے شیئر کی گئی ان کی تازہ تصاویر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسکاٹ لینڈ میں ایک میوزیم کی سیر کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کیں۔ تصاویر میں اداکارہ بیج رنگ کی اسکرٹ اور اسپاگیٹی اسٹریپ ٹاپ پہنے نظر آئیں، جس کے بعد ان کا یہ نیا لک تیزی سے وائرل ہوگیا۔
تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی رائے دو حصوں میں تقسیم دکھائی دی۔ کئی مداحوں نے عائزہ خان کے اعتماد اور نئے فیشن اسٹائل کو سراہتے ہوئے ان کے انداز کی تعریف کی، جبکہ بعض صارفین نے ان کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ان کے روایتی انداز میں زیادہ پسند کرتے تھے۔
دوسری جانب متعدد مداح اداکارہ کے دفاع میں بھی سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لباس کا انتخاب ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور اس فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے، اس لیے کسی کو بھی محض لباس کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔
یاد رہے کہ عائزہ خان اس وقت ٹیلی وژن ڈراموں سے مختصر وقفہ لیے ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ جلد ہی معروف اداکار فواد خان کے ہمراہ اپنی پہلی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے والی ہیں، جس کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔