اسلام آباد:
آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کیلیے ایم کیو ایم نے مشاورت کی مہلت مانگ لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم چیئرمین خالد مقبول کی اسلام آباد رہائش گاہ کا دورہ کیا اور قائدین سے ملاقات کی۔
مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر انوشہ رحمان، کھیل داس کوہستانی اور توصیف شاہ شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم کے ممبران قومی اسمبلی سید امین الحق، فرحان چشتی، مرکزی رہنماء زاہد ملک اور ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے صدر شاہ فیصل ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور آزاد جموں کشمیر الیکشن پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایم کیو ایم سے آزاد جموں کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی درخواست کی۔
ایم کیو ایم چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے پارٹی کی مرکزی کمیٹی سے مشاورت کر کے آگاہ کرنے کا عندیہ دیا جبکہ دونوں جماعتوں کے قائدین نے سیاسی رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا۔