گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح کیلئے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی


ویب ڈیسک July 21, 2026
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفرا اسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی اور اس موقع پر وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیر اعظم کے درمیان گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کے لیے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفرا اسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی اور دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے سر فہرست ہیں، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کے لیے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے۔