پاکستان نے 14 سال بعد ’ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026‘ کیلیے کوالیفائی کرلیا

قومی جونیئر ویمنز ٹیم نے یہ تاریخی کامیابی ’ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026‘ میں اپنی شاندار کارکردگی پر حاصل کی


ذوالفقار بیگ July 22, 2026

پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 14 سال کے طویل عرصے بعد ’ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026‘ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اس بات کی باقاعدہ تصدیق ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف)نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ارسال کردہ ایک رسمی خط کے ذریعے کی ہے۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر فومیو اوگورا کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی خط میں بتایا گیا ہے کہ قومی جونیئر ویمنز ٹیم نے یہ تاریخی کامیابی ’ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026‘ میں اپنی شاندار کارکردگی اور بہترین حتمی رینکنگ کی بنیاد پر حاصل کی ہے۔

اس شاندار کامیابی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران نے ٹیم کی کھلاڑیوں، آفیشلز اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی ویمنز ہاکی کی بحالی اور روشن مستقبل کی طرف ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔