کراچی؛ ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کے والدین کا احتجاج، مطالبات نہ ماننے پر بچوں کو آگ لگانے کی دھمکی

صوبائی وزیر کے اعلان کے باوجود کوئی سہولت ہے نہ ادویہ فراہم کی جا رہی ہیں، فوکل پرسن کو تبدیل کرنے کا مطالبہ


ویب ڈیسک July 23, 2026

کراچی:

ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے والدین نے ولیکا اسپتال میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

اسپتال میں احتجاج کے دوران بچوں، خواتین اور بزرگ افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ا س موقع پر احتجاج کے شرکا نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

احتجاج کرنے والے والدین نے مطالبہ کیا کہ ان کی داد رسی کے لیے مقرر کیے گئے فوکل پرسن سعادت میمن کو تبدیل کیا جائے۔ والدین نے الزام عائد کیا کہ فوکل پرسن سعادت میمن کئی بار کرپشن کے الزام میں پکڑے جا چکے ہیں، اس لیے انہیں موجودہ ایم ایس سمیت فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔

والدین نے شکوہ کیا کہ صوبائی وزیر سعید غنی کے اعلان کے باوجود انہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو انہیں ادویات مل رہی ہیں اور نہ ہی دیگر ضروری سہولیات میسر ہیں۔
 

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

احتجاج کرنے والے والدین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کریں گے۔

والدین نے کہا کہ احتجاج کے دوران وہ اپنے بچوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دیں گے اور اس صورت میں کسی بھی انتہائی اقدام کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ہوگی۔