ایرانی حملوں میں روسی کردار سے متعلق امریکا میں تحقیقات شروع

بعض ایران کے حملے غیرمعمولی حد تک درست تھے


ویب ڈیسک July 23, 2026

امریکا نے ایرانی حملوں میں روس کے ملوث ہونے کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ایرانی ڈرون حملوں میں روس کے ممکنہ کردار کی انٹیلی جنس سطح پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابھی تک سرکاری سطح پر ان الزامات کا اعلان نہیں کیا ہے۔

امریکی انٹیلی جنس ادارے یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا روس نے ایران کو حملوں کے لیے ہدف سے متعلق معلومات، سیٹلائٹ نیویگیشن، یا دیگر تکنیکی معاونت فراہم کی تھیں؟۔ تحقیقات کی ایک وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ بعض حملے غیرمعمولی حد تک درست تھے، جس سے روسی معاونت کے امکان پر سوالات اٹھے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملوں میں ممکنہ طور پر روسی ٹیکنالوجی سے بہتر بنائے گئے ایرانی ڈرون استعمال ہوئے، لیکن اس دعوے کی ابھی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال روس کے ملوث ہونے کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا ہے۔