ایک شرط پر بھوک ہڑتال ختم کر سکتا ہوں، سونم وانگچک کا حکومت کیلئے پیغام

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چند باتوں کی واضح یقین دہانی کرائے تو میں ہڑتال ختم کرنے کو تیار ہوں


ویب ڈیسک July 23, 2026

بھارتی سوشل ایکٹیوسٹ و انجینئر سونم وانگچک نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھوک ہڑتال صرف تب ہی ختم کریں گے جب احتجاج میں شریک طلبہ کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی یا انتقامی کارروائی نہ ہو۔

سونم وانگچک نے وفاقی وزرا جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ کے نام لکھے گئے خط میں ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت کی جانب سے ان کے مطالبات پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیٹ امتحان کے پرچہ لیک کے بعد خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور پارلیمنٹ میں تعلیمی نظام سے متعلق جوابدہی پر بامعنی بحث کرائی جائے۔

سونم وانگچک کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنی بھوک ہڑتال ختم کر کے دوبارہ طلبہ اور تعلیم کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، تاہم وہ ان نوجوانوں کی قیمت پر ایسا نہیں کر سکتے جن کے لیے یہ تحریک شروع کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت واضح یقین دہانی کرائے کہ احتجاج میں شریک کسی بھی طالب علم کے خلاف قانونی یا انتقامی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ فوراً اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں گے، بصورت دیگر ان کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔