دوسرا ون ڈے میچ ہمبنٹوٹا منتقل منگل کو انعقاد ہوگا

مسلسل بارش سے پریماداسا اسٹیڈیم تالاب بن چکا، جلد ٹھیک کرنا ممکن نہیں، سری لنکا


Sports Desk August 24, 2014
مسلسل بارش سے پریماداسااسٹیڈیم تالاب بن چکا،جلد ٹھیک کرنا ممکن نہیں، سری لنکا فوٹو: فائل

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کردیا گیا۔

ڈے نائٹ مقابلہ اب بدھ کے بجائے منگل کو ہوگا، ایس ایل سی کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے پریماداسا اسٹیڈیم تالاب بن چکا ، اسے فوری طور پر ٹھیک کرنا ممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے بدھ کے روز کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، مگر شہر میں گذشتہ 48 گھنٹے سے مسلسل بارش کی وجہ سے وینیو جوہڑ میں تبدیل ہوچکا، مزید بارش کا بھی امکان ہے ایسے میں گراؤنڈ کو میچ کیلیے تیار کرنا مشکل تھا۔

میزبان بورڈ یہ میچ دمبولا منتقل کرنا چاہتا تھا جہاں تیسرا ون ڈے شیڈول ہے تاہم براڈ کاسٹر سے معاہدہ آڑے آگیا جس میں واضح طورپر موجود ہے کہ ہفتے کے عام دنوں میں ون ڈے میچز لازمی طور پر ڈے اینڈ نائٹ ہونے چاہئیں، اس لیے دوسرے ون ڈے کو بھی ہمنٹوٹا منتقل کیا گیا، یہ میچ بدھ کو شیڈول تھا مگر اب منگل کو ہوگا، چونکہ یہاں پر بھی بارش کا خطرہ موجود ہے اس لیے بدھ کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔

ایس ایل سی نے اعلامیے میں کہا کہ یہ فیصلہ نیشنل کیوریٹر کی درخواست پر کیا گیا، انھوں نے اس بات کی تصدیق کردی کہ پریماداسا اسٹیڈیم میچ کیلیے فٹ نہیں ہوگا کیونکہ اس کیلیے کم سے کم تین دن کی دھوپ ضروری ہے، کولمبو میں بادل چھائے ہوئے ہیں، جن شائقین نے اس مقابلے کے لیے ٹکٹیں خرید لی ہیں یا تو وہ ہمبنٹوٹا جاکر میچ دیکھیں یا پھر واپس کردیں۔

یاد رہے کہ 2012 میں بھی ایسا ہی ہوا جب تیز بارشوں سے پریماداسا کی آؤٹ فیلڈ متاثر ہوئی تو نیوزی لینڈ سے 2 میچز پالے کیلی منتقل کردیے گئے تھے۔ دوسرا ون ڈے پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں