نجم سیٹھی پی سی بی میں پھر سے جان پکڑنے لگے

سابقہ مینجمنٹ کمیٹی چیف کو اس مرتبہ ایگزیکٹیو کمیٹی کی چیئرمین شپ مل گئی


Sports Reporter August 24, 2014
شہریار کے طویل سفر سے گریز کی وجہ سے آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کا امکان۔ فوٹو: فائل

نجم سیٹھی پی سی بی میں پھر سے جان پکڑنے لگے، سابقہ مینجمنٹ کمیٹی چیف کواس مرتبہ ایگزیکٹیو کمیٹی کی چیئرمین شپ مل گئی ہے۔

نو منتخب چیئرمین شہر یار خان کی زائد العمری کے باعث آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سمیت دور دراز کے ممالک کا سفر کرنے سے گریز کے فیصلے پر نجم سیٹھی کی آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ نجم سیٹھی کو پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں گورننگ بورڈ اجلاس کے دوران کیا گیا، نومنتخب چیئرمین شہریارخان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شکیل شیخ (اسلام آباد)، گل زادہ (پشاور)، پروفیسر اعجاز فاروقی (کراچی)، اقبال قاسم (نیشنل بینک)، امجد لطیف ( سوئی نادرن گیس)، یوسف نسیم کھوکھر (واپڈا) اور چوہدری اعجاز (فیڈرل سیکریٹری آئی پی سی ) نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ، چیف فنانشل آفیسر بدر ایم خان، سلمان نصیر (سیکریٹری بورڈ آف گورنر) نے شرکت کی۔ یونائیٹڈ بینک کے منصورمسعود خان بیرون ملک ہونے کی وجہ سے میٹنگ کا حصہ نہیں بن سکے، انگلینڈ سے آڈیو لنک کے ذریعے ان سے مشاورت کی گئی۔ گورننگ بورڈ نے اتفاق رائے سے نجم سیٹھی کو ایگزیکٹیو بورڈ کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی، کمیٹی میں سبحان احمد اور بدر ایم خان بھی شامل ہیں۔ ارکان نے پی سی بی کے 2014-15 بجٹ کی منظوری بھی دی جس کے بعد شرکا کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف کرکٹ سیریز کے میڈیا رائٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں