روس کا جدید ترین پانچویں نسل کا اسٹیلتھ جنگی طیارہ ایس یو -57 معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر گرگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارہ روس کے دارالحکومت ماسکو کے نواحی دیہی علاقے میں گر کر تباہ ہوا تاہم پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور محفوظ رہا۔
حادثہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ طیارے کے گرنے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پائلٹ کو بحفاظت اسپتال منتقل کیا گیا۔
روسی وزارتِ دفاع نے واقعے کی تصدیق یا اس کی وجوہات سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارہ تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا کسی اور وجہ سے تباہ ہوا۔
یاد رہے کہ Su-57 روسی فضائیہ کا جدید ترین ملٹی رول اسٹیلتھ جنگی طیارہ سمجھا جاتا ہے، جسے فضائی برتری، زمینی اہداف پر حملوں اور جدید فضائی دفاعی نظام سے بچ کر کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس حادثے کو روسی فضائیہ کے لیے ایک اہم دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ طیارہ روس کی جدید دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ تصور کیا جاتا ہے۔