کراچی: صدر پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کی کارروائی، دفتر کے 2 اہلکار سمیت 6 ملزمان گرفتار

ملزمان پاسپورٹ آفس میں موجود درخواست گزاروں سے تیز رفتار کارروائی کے عوض فی کس دو ہزار روپے وصول کرتے تھے


آفتاب خان July 24, 2026

ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے صدر پاسپورٹ آفس میں کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ دفتر کے دو اہلکاروں اور چار ایجنٹس سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر ملی بھگت سے درخواست گزاروں سے ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ کی کارروائی مکمل کرانے کے نام پر رقم وصول کرتے تھے۔

گرفتار اہلکاروں میں ڈیٹا انٹری آپریٹر اظہار الحق اور سپورٹ اسٹاف غلام شبیر شامل ہیں جبکہ گرفتار ایجنٹس میں محمد سلیمان، عدنان حیدر، طاہر عزیز اور انس شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان پاسپورٹ آفس میں موجود درخواست گزاروں سے تیز رفتار کارروائی کے عوض فی کس دو ہزار روپے وصول کرتے تھے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ ٹوکن، مالیاتی لین دین کے شواہد، بینک چالان، موبائل فونز اور ان میں موجود مختلف ویزوں اور قومی شناختی کارڈز کے اسکرین شاٹس بھی برآمد کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔