دنیا کے معمر ترین پروفیشنل فٹبالر کا 4 سال بعد گول

نومبر 2022 میں انہوں نے سوزوکا پی جی (موجودہ اٹلیٹیکو سوزوکا) کی جانب سے ایف سی اوساکا کے خلاف گول کیا تھا


اسپورٹس ڈیسک July 27, 2026

جاپان کے لیجنڈری فٹبالر کازویوشی میورا نے ایک بار پھر عمر کو شکست دیتے ہوئے تقریباً چار سال بعد گول اسکور کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے معمر ترین پروفیشنل فٹبالر، 59 سالہ میورا نے جاپان کے ایمپیرر کپ میں فُوکوشیما یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایواکی فوروکاوا کے خلاف میچ کے 52ویں منٹ میں گول کیا۔

فُوکوشیما یونائیٹڈ نے یہ مقابلہ 0-7 سے اپنے نام کیا۔

نومبر 2022 کے بعد میورا کا یہ پہلا گول ہے۔ 2022 میں انہوں نے سوزوکا پی جی (موجودہ اٹلیٹیکو سوزوکا) کی جانب سے ایف سی اوساکا کے خلاف گول کیا تھا۔

’کنگ کازو‘ کے نام سے مشہور میورا جاپان کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور 1993 میں جے لیگ کے آغاز کے دوران وہ اس لیگ کی سب سے نمایاں شخصیت تھے۔

1986 میں برازیل کے کلب سانتوس سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے میورا اٹلی، کروشیا اور آسٹریلیا میں بھی کلب فٹبال کھیل چکے ہیں۔

ان کا طویل کیریئر اب 42ویں سیزن میں داخل ہونے جا رہا ہے کیونکہ ان کی فُوکوشیما یونائیٹڈ کے ساتھ معاہدے کی مدت جون 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔

جاپان کے لیے 89 میچوں میں 55 گول کرنے والے میورا اس خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ وہ اپنی ساٹھویں سالگرہ کے بعد بھی پیشہ ورانہ فٹبال کھیلتے رہیں گے۔