رونالڈو کی ہالی ووڈ میں انٹری، فٹبال ڈرامہ سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے

دیگر کاسٹ میں سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری، اداکار ڈیمین لیوس، برطانوی ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں


اسپورٹس ڈیسک July 28, 2026

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان میں بے شمار کامیابیوں کے بعد اب ہالی ووڈ کا رخ کر لیا ہے۔

النصر کے کپتان اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز ’ڈے ونز‘ کے ذریعے انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں جہاں وہ صرف اداکار ہی نہیں بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔

یہ سیریز رونالڈو کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی ’یو آر-مارو اسٹوڈیوز‘ تیار کر رہی ہے جسے انہوں نے معروف ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔

میتھیو وان اس سے قبل کئی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری، اداکار ڈیمین لیوس، برطانوی ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں۔

کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے جو جدید فٹبال کی چمک دمک کے پیچھے چھپی طاقت کی سیاست اور سخت مقابلے کا سامنا کرتا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شو کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سیریز اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور فٹبال کی دنیا کا ایک منفرد اور سنجیدہ رخ ناظرین کے سامنے پیش کرے گی۔