بابر اعظم نے ٹیسٹ کپتانی قبول کرنے کیلیے کیا کڑی شرط رکھی؟ رپورٹ میں انکشاف

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ کپتان کے تقرر سے قبل دو سلیکٹرز نے بابر اعظم سے ملاقات کی تھی


اسپورٹس ڈیسک July 28, 2026

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے مبینہ طور پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے سے قبل یہ شرط رکھی تھی کہ مستقبل میں انہیں تینوں فارمیٹس کی کپتانی بھی سونپی جائے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اگر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ پانچ ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی تو انہیں مکمل طور پر آل فارمیٹ کپتان بنایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ کپتان کے تقرر سے قبل دو سلیکٹرز نے بابر اعظم سے ملاقات کی  کیونکہ شان مسعود کی قیادت میں مایوس کن نتائج کے بعد ان کے پاس محدود آپشنز موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بابر ہمیشہ سے پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کے خواہاں رہے ہیں اور انہوں نے صرف ٹیسٹ کپتانی قبول کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی تھی۔

بابر اعظم نے 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد آل فارمیٹ کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو محدود اوورز کی قیادت سونپی گئی۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ ملنے والی ذمہ داری کے لیے پراعتماد ہیں، ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں اور اب ان کی اولین ترجیح پاکستان کو زیادہ سے زیادہ کامیابیاں دلانا ہے۔

تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔