کراچی، نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، باپ جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

جاں بحق باپ اور زخمی بیٹے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ریسکیو ذرائع


اسٹاف رپورٹر July 29, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے علاقے عزیز آباد بلاک 8 میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 65 سالہ شخص جاں بحق جبکہ اس کا 28 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سمیع الدین رحمانی جبکہ زخمی کی شناخت فصیح رحمانی کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سمیع الدین رحمانی کو عباسی شہید اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا جبکہ زخمی فصیح رحمانی کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اس کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے حملے کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں فوری معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

تفتیشی حکام نے جائے وقوعہ سے چھ گولیوں کے خول اور تین گولیوں کے سکے تحویل میں لے لیے ہیں جبکہ دیگر فرانزک شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ حملہ آور کون تھے فائرنگ کا محرک کیا تھا اور آیا واقعہ ذاتی دشمنی، ڈکیتی یا کسی اور وجہ کا نتیجہ ہے۔