دیس بدیس کے کھانے

دیس بدیس کے کھانے


رقیہ اقبال August 24, 2014
فوٹو : فائل

چکن چیز کپس

اجزا: مرغی کا قیمہ (آدھا کلو)، اسکوائر مانڈا پٹی (چار عدد)، کھانے کا تیل (دو کھانے کے چمچے)، باریک کٹا ہوا لہسن (ایک کھانے کا چمچا)، نمک (ایک چائے کا چمچا)، کُٹی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)، کُٹی ہوئی کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)، کتری ہوئی پیاز (آدھی پیالی)، ٹماٹر (ایک عدد) بیج نکال لیں، شملہ مرچ (ایک عدد) باریک کاٹ لیں، زیتون (ایک کھانے کا چمچا)کٹے ہوئے، کدو کش کی ہوئی چیڈر چیز (200 گرام)، باریک کٹی ہوئی ہری مرچ (حسب ضرورت)، باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا (حسب ذائقہ)۔



ترکیب:

اوون کو پہلے سے 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرلیں۔ مانڈا پٹی کو ایک سائز کے چار اسکوائر میں کاٹیں۔ کپ ٹرے کو آئل سے برش کریں۔ پھر کپ ٹرے میں ایک اسکوائر ڈال کر تیل کی برشنگ کریں، پھر دوسرے اسکوائر کو کراسنگ میں رکھیں۔ پھر آئل سے برشنگ کرکے تیسری اسکوائر اور اسی طرح پھر برشنگ کے بعد مزید ایک اور اسکوائر کو کراسنگ میں رکھ کر دبا دیں۔ اسی طرح باقی کے ٹرے کپس کو بھی بنا کر اوون میں بیک کرلیں۔ رنگ تبدیل ہو جائے، تو نکال کر کپس کو ٹھنڈا کرلیں۔ ایک پین میں آئل گرم کرکے اس میں لہسن کو بھون لیں۔

اب اس میں قیمہ شامل کر کے تیز آنچ پر قیمے کا پانی خشک کر لیں۔ جب قیمے کا رنگ تبدیل ہوجائے، تو اس میں نمک، لال مرچ اور کالی مرچ ڈال کر ملائیں۔ اس کے بعد پانچ سے 10منٹ پکانے کے بعد چولھا بند کر کے اس میں چیڈر چیز شامل کرکے پیالے میں نکال لیں۔ سبزیوں میں سے تھوڑی تھوڑی سبزیاں گارنشنگ کے لیے نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔ پھر قیمے والے مکسچر میں شملہ مرچ، ٹماٹر، پیاز اور زیتون ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اب اس مکسچر کو چمچے کی مدد سے کپس میں بھریں۔ پھر ٹماٹر، شملہ مرچ ار پیاز سے گارنش کر کے نوش کریں۔

ملائی بوٹی سینڈوچز

اجزا: چکن بوٹی (آدھا کلو)، مکھن (ایک پیکٹ)، پودینہ (ایک گٹھی) باریک کاٹ لیں، ڈبل روٹی (ایک عدد)، پیاز (دو عدد) لچھے میں کاٹ لیں، لیموں (دو عدد)، ہری مرچ (چار عدد) باریک کاٹ لیں، تازہ گرم دودھ (آدھی پیالی)، کُٹی ہوئی کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)، ادرک کا آمیزہ (ایک کھانے کا چمچا)، تندوری مسالا (دو کھانے کے چمچے)، تیل (دو کھانے کے چمچے)، فریش کریم (تین کھانے کے چمچے)، مایونیز (حسب ضرورت)، نمک (حسب ذائقہ)



ترکیب:

لچھے میں کٹی ہوئی پیاز دھو کر نمک کے پانی میں دو منٹ کے لیے ڈال کر نکالیں، پھر اس میں لیموں کا رس، نمک، باریک کٹا ہوا پودینہ اور باریک کٹی ہوئی ہری مرچ ملا دیں۔ اب چکن بوٹی میں ادرک کا آمیزہ اور نمک لگا کر ہلکا سا کچل لیں، پھر تندوری مسالا، فریش کریم اور کُٹی ہوئی کالی مرچ ملا کر پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد فرائنگ پین میں تیل گرم کر کے چکن اسٹر فرائی کریں۔ جب پانی خشک ہو جائے، تو چکن کو ٹھنڈا کر کے باریک ٹکڑے کریں۔ اب الگ پیالے میں مایونیز اور مکھن ملائیں، پھر گرم دودھ شامل کر کے تین منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک ایک توس پر پہلے مایونیز اور مکھن لگائیں اور چکن پھیلاکر رکھیں۔ اب تیار کی ہوئی تھوڑی سی پیاز ڈال کر اوپر دوسرا توس رکھیں اور کنارے کاٹ دیں۔ درمیان میں سے اس کے دو ٹکڑے کر کے مزے دار سینڈوچز نوش کریں۔

اسپائسی ویجیٹیبل چاؤمن

اجزا: بند گوبھی (ایک عدد) باریک کاٹ لیں، شملہ مرچ (دوعدد) باریک کاٹ لیں، گاجر (دوعدد) باریک کٹی ہوئی، بین اسپروٹس (ایک پیالی) صاف کر لیں، ہری پیاز (دو گٹھی) باریک کاٹ لیں، نوڈلز (آدھا پیکٹ)، تیل (پانچ کھانے کے چمچے)، پیاز (ایک عدد) باریک کاٹ لیں، ادرک لہسن کا آمیزہ (ایک چائے کا چمچا)، سویاسوس (دوکھانے کے چمچے)، سفید سرکہ (دوکھانے کے چمچے)، نمک (حسب ذائقہ)، ہری مرچ (چھے عدد) لمبی باریک کاٹ لیں، چلی سوس (دوکھانے کے چمچے)، کُٹی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)، چکن کیوب (ایک عدد)، تل کا تیل (ایک چائے کا چمچا)، چکن کیوب والا میدہ (ایک کھانے کا چمچا)،



ترکیب:

ایک دیگچی میں پانی گرم کر کے اس میں نوڈلز اور دو کھانے کے چمچے تیل ڈال کر ابالیں۔ جب نوڈلز گل جائیں تو پانی نتھار لیں۔ اب نوڈلز کو ٹھنڈے پانی سے دھو کر ذراسی چکنائی دوبارہ ملائیں۔ پھر ایک کڑاہی میں تین کھانے کے چمچے تیل گرم کر کے پیاز ہلکی گلابی کر لیں۔ اب اس میں ادرک، لہسن کا آمیزہ ڈال کر ہلکا سا تل لیں اور بند گوبھی، شملہ مرچ، گاجر، سویا سوس، سفید سرکہ، نمک اور ہری مرچ شامل کر کے دو منٹ بھون لیں۔ پھر نوڈلز ڈالیں اس کے بعد چلی سوس، لال مرچ، چکن کیوب اور نمک ڈال کر جلدی جلدی اچھی طرح ملائیں اور تل کا تیل ڈال دیں۔ اب اوپر سے بین اسپروٹس اور ہری پیاز کے پتے ڈال کر گرم گرم نوش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں